10

لٹل ماسٹر حنیف محمد کی چوتھی برسی کل منائی جائے گی

 حنیف محمد طویل علالت کے بعد 11  اگست 2016ء  کو کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔ فوٹو: فائل

حنیف محمد طویل علالت کے بعد 11 اگست 2016ء کو کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: دنیائے کرکٹ میں لٹل ماسٹر کے نام سے شہرت پانے والے عظیم  بیٹسمین و سابق ٹیسٹ کپتان حنیف محمد کی چوتھی برسی کل منائی جائے گی۔

سال 1952ء میں بھارت کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے اور متعدد ریکارڈز کے حامل حنیف محمد نے 55 ٹیسٹ میچز  کی 97 اننگز میں 44 رنز کی اوسط سے 3915 رنز اسکور کیے جن میں 12 سینچریز اور 15 ففٹیز بھی شامل تھیں۔

انہوں نے 1958ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کنگسٹن ٹیسٹ میں 337 رنز کی ریکارڈساز اننگ کھیلی۔ اس دوران وہ 970 منٹ تک کریز پر کھڑے رہے اور پاکستان کو یقینی شکست سے بچایا۔ حنیف محمد نے کراچی کی طرف سے بہاولپور کے خلاف فرسٹ کلاس کرکٹ میں 499 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز بھی  کھیلی۔

محمد برادران کے نام سے مشہور ان کے دیگر تین بھائیوں  وزیر محمد، مشتاق محمد اور صادق محمد نے بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلی۔ ان کے صاحبزادے شعیب محمد بھی ٹیسٹ کرکٹر رہ چکے ہیں۔ اماں بی کے نام سے مشہورحنیف محمد کی والدہ امیر بی متحدہ ہندوستان کی ویمن بیڈمنٹن چیمپئن رہیں۔

11 دسمبر 1934ء کو گجرات (بھارت) میں پیدا ہونے والے حنیف محمد طویل علالت کے بعد 11  اگست 2016ء  کو کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے صدارتی تمغہ حسن کارکردگی  پانے والے حنیف محمد  آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں شامل ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں