47

سپریم کورٹ نے سینیٹ انتخابات سے متعلق صدارتی ریفرنس پر رائے محفوظ کرلی، ممکنہ فیصلہ کب تک سنایا جائیگا؟بڑی خبر آگئی

اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ پاکستان نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر رائے محفوظ کرلی جبکہ الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہاہے کہ 28 تاریخ تک رائے دے دیں تاکہ انتخابی عمل مکمل کیا جاسکے۔ جمعرات کو چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سےکرانے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت کی، اس دوران اٹارنی جنرل، دیگر فریقن کے وکلا پیش ہوئے۔سماعت کے آغاز پر پاکستان بار کونسل کے وکیل منصور عثمان اعوان نے کہا کہ الیکشن قوانین، ووٹ کو خفیہ رکھنے اور متناسب

نمائندگی پر اپنے دلائل دوں گا۔انہوں نے کہا کہ اراکین قومی اسمبلی کا الیکشن براہ راست اور سینیٹ کا الیکشن متناسب نمائندگی کے ذریعے مکمل ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کہا کہ کرپٹ پریکٹس کے خلاف اقدامات انتخابات سے پہلے ہونے چاہئیں، اگر اس دلیل کو مان لیا جائے تو آئین کا آرٹیکل 218 بے سود ہو جائے گا۔انہوںنے کہاکہ کرپٹ پریکٹس کے الزام کو شواہد کے ذریعے علیحدہ کرنا ہوتا ہے، کرپٹ پریکٹس کے الزامات کو بیلٹ پیپر کے ساتھ منسلک نہیں کیا جاسکتا۔اس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ اصل مقصد تو کرپٹ پریکٹس کو ختم کرنا ہے، بیلٹ پیپر بذات خود ایک ثبوت ہے، اگر رقم اور بیلٹ پیپر کا تعلق سامنے آئے تو الیکشن کمیشن کو چیک رکھنا چاہیے۔دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ آرٹیکل 51 کے تحت مخصوص نشستوں کے انتخابات خفیہ کیسے ہوتے ہیں؟ مخصوص نشستوں کا کوٹہ اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کی نشستوں کے تناسب سے ملتا ہے۔اس پر وکیل پاکستان بار کونسل نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے لیے الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں سےفہرست پہلے ہی لیتا ہے، متناسب نمائندگی کے ذریعے مخصوص نشستوں پر دیے گئے ناموں کی اسکروٹنی (جانچ پڑتال) ہوتی ہے، اسکروٹنی کے بعد مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کے نام پبلک کردیے جاتے ہیں۔اس دوران جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ کیا آپ کہنا چاہتے ہیںکہ آرٹیکل 226 کے تحت تمام الیکشن منعقد کیے جاتے ہیں، جس پر وکیل نے کہا کہ درحقیقت الیکشن کا مطلب ہی سیکریٹ بیلٹ ہے، اگر سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کیا گیا تو اس کا اثر تمام انتخابات پر ہوگا۔ان کی بات پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت کے سامنے سوال صرفآرٹیکل 226 کے نفاذ کا ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ انتحابی عمل سے کرپشن کے خاتمے کے لیے ترمیم نہیں کی جارہی؟ انتحابی عمل شفاف بنانے کے لیے پارلیمنٹ میں قراردایں منظور ہوتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی دور میں بھی سینیٹ الیکشن کے حوالے سے موقع تھا،سیاسی جماعت سینیٹ الیکشن میں کرپٹ پریکٹس کو تسلیم کررہی ہے، آپ نے ویڈیو بھی دیکھی ہیں کیا آپ دوبارہ وہی کرنا چاہتے ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سب کرپٹ پریکٹس کو تسلیم بھی کررہے ہیں (لیکن) خاتمے کے اقدامات کوئی نہیں کر رہا، ہر جماعت شفافالیکشن چاہتی ہے لیکن بسم اللہ کوئی نہیں کرتا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اسمبلی کے انتخابات کے خفیہ ہونے کا ذکر نہیں لیکن وہ خفیہ ہوتے ہیں۔ اس پر منصور عثمان کا کہنا تھا کہ ہرووٹ کا خفیہ ہونا لازم ہے تاکہ کوئی بھی ووٹ پر اثر انداز نہ ہو، ووٹر کو ووٹ کے ذریعے فیصلے کا اختیار دیا گیاہے جبکہ متناسب نمائندگی کے اصول دونوں ایوانوں کے لیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اتحاد ہماری تاریخ ہے، بلوچستان کے معاملے کو بطور مثال دیکھ لیں، بلوچستان اسمبلی میں کْل 65 اراکین ہیں، وہاں ہر اسمبلی میں 10 سیاسی جماعتیں اور ایک آزاد رکن ہے، صرف تین سیاسی جماعتیںاکثریت رکھتی ہیں، باقی جماعتوں کا کیا ہوگا، وہ اتحاد کرکے صورتحال تبدیل بھی کرسکتی ہیں، بلوچستان میں سیاسی اتحاد کوئی بھی صورتحال بنا سکتے ہیں۔ان کی بات پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ سوال ہمارے پاس نہیں آپ اس کو رہنے دیں، سنگل ٹرانسفر ایبل ووٹ اور متناسب نمائندگیکا معاملہ صدر نے نہیں اٹھایا۔چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں سیاسی اتحادات سے کیا لینا دینا، ہم نے ریفرنس میں پوچھے گئے سوالات تک محدود رہنا ہے، ہم اپنی حد سے باہر نہیں جائیں گے، ہمیں جزئیات میں نہیں جانا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن بدعنوانی کے خلاف محافظ ہے، ووٹر ایککمرے میں بیٹھ کر کسی کے ساتھ خفیہ معاہدہ کرے تو الیکشن کمیشن کیا کرسکتا ہے، بدعنوانی تو ہوگئی لیکن الیکشن کمیشن لاعلم رہا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ 1973 سے آئین بنا، متعدد قانون سازی ہوئی لیکن کسی نے اس مسئلے کو نہیں دیکھا، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نےحکومتوں کے باوجود اس حوالے سے کچھ نہیں کیا، پارلیمنٹ نے بھی کچھ نہیں کیا، (تاہم) تحریک انصاف کی حکومت نے اب اس معاملے کو اٹھایا ہے، غلطی کو روکنے کے لیے موجودہ حکومت اقدامات کررہی ہے۔ان کے ریمارکس پر وکیل پاکستان بار کونسل نے کہا کہ پارلیمنٹ میںپہلے سے ہی بل موجود ہے، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ پارلیمنٹ اگر بل سے متفق ہے تو پاس کرے ورنہ مسترد کردے، یہ کسی ایک پارٹی کا معاملہ نہیں، تمام سیاسی پارٹیاں ایسا چاہتی ہیں جس پر وکیل نے کہا کہ آئین میں وقت کے ساتھ نمو ہوتی، قانون سازی کا اختیار پارلیمنٹ کا ہے۔منصور عثمان نے کہا کہ آرڈیننس کو چیلنج کیا گیا، حکومت کہتی ہے کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم ہو، عدالت ریفرنس کا جواب دیے بغیر واپس کرے یا مسترد کردے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آرڈیننس ہمارے پاس نہیں، ہم دیکھیں گے کہ جواب دینا ہے کہ نہیں۔بعد ازاں لاہور ہائی کورٹبار کے وکیل خرم چغتائی نے دلائل دینا شروع کیے اور کہا کہ وفاقی حکومت کو عدالت سے رائے مانگنے کا اختیار نہیں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت میں ریفرنس صدر پاکستان نے بھیجا ہے۔اسی کے ساتھ جسٹس اعجازالاحسن نے سوال کیا کہ کیا ہم صدر کوبلا کر پوچھیں کہ انہیں یہ سوال کیوں عوامی اہمیت کا لگا؟ اس پر خرم چغتائی نے کہا کہ اٹارنی جنرل وفاقی حکومت کے وکیل ہوتے ہیں، صدر کے نہیں۔اس موقع پر عدالت میں موجود وکیل احسن عرفان نے کہا کہ صدر، سینیٹ اور اسمبلی ایک ستون کے تین حصے ہیں، کیسے ممکن ہے کہستون کا ایک حصہ آئینی ہو اور باقی دو نہیں۔ان کی بات پر جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ اٹارنی جنرل نے عمومی نہیں الیکشن کے حوالے سے بات کی تھی، سینیٹ الیکشن پر آرٹیکل 226 کے اطلاق سے متعلق کوئی عدالتی فیصلہ نہیں۔اس پر احسن عرفان نے کہا کہ الیکشنایکٹ میں صرف انتحابات کا طریقہ کار درج ہے، کہیں نہیں لکھا کہ سینیٹ الیکشن قانون کے تحت ہوں گے، جس پر چیف جسٹس نے کہا ووٹ کس کو دینا ہے تعین سیاسی جماعتیں کرتی ہیں، اس پر وکیل نے جواب دیا کہ قانون میں کہیں نہیں لکھا کے پارٹی کے فیصلے کے مطابق ووٹ دیاجائے۔احسن عرفان نے کہا کہ پارٹی سربراہ بھی ووٹرز پر اثر انداز نہیں ہو سکتا، عائشہ گلالئی کیس میں عدالت کہہ چکی ہے کہ پارٹی سربراہ کو لامحدود اختیارات نہیں ہوتے۔سماعت کے دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا کردار دنیا بھر میں بہت اہم ہے، نظم و ضبط نہیں رکھنا تو سیاسی جماعتیں بنانے کا کیا فائدہ ہے۔اس موقع پر عدالت میں موجود ایڈووکیٹ قمر افضل نے بھی دلائل دیے اور کہا کہ الیکشن کمیشن کو ووٹ کا جائزہ لینے کے لیے کسی کو فون کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ میں ووٹ قابل شناخت ہوتا ہے، انتحابی ریکارڈ کی حفاظت الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، کمیشن نے جس ریکارڈ کو تحفظ دینا ہے اسے دیکھنے پر پابندی نہیں لگ سکتی، ووٹ کو ہمیشہ کے لیے خفیہ نہیں رکھا جاسکتا۔انہوں نے کہاکہ عوام کا حق ہے کہ وہ جان سکیں ان کے نمائندے نے ووٹ کس کو دیا۔عدالت عظمیٰمیں سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ مقامی حکومتوں کے انتخابات کا طریقہ کار تو آئے روز تبدیل ہوتا رہتا ہے، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ الیکشن کمیشن سویا ہوا ہے اور جاگنے کو تیار نہیں۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کرپشن بھی روکنیہے صرف انتحابات ہی نہیں کرانے، بار بار پوچھا کرپشن روکنے کے لیے کیا اقدامات کیے لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔بعد ازاں عدالتی ریمارکس اور فریقین کے دلائل کے بعد اٹارنی جنرل نے اپنا جواب الجواب دیا۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ میری زندگی کا اہم کیس ہے، عدالت نے سترہ دنسنا تھوڑا اور وقت دے دے۔انہوں نے جواب الجواب میں کہا کہ ووٹ کا جائزہ لینے سے سیکریسی ختم نہیں ہوتی، کوئی شہری پیسہ لیکر ووٹ نہ دے یہ جرم ہوگا، کوئی ایم پی اے ووٹ نہ ڈالنے کے پیسے لیکر ووٹ ڈالے تو جرم نہیں ہوگا۔اٹارنی جنرل نے کہاکہ ریفرنس سیاسی نہیں آرٹیکل226 کی تشریح کے لیے ہے، اس پر جسٹس یحییٰ آفریدی نے پوچھا کہ کیا ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے حتمی ہوگی۔اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ حکومت عدالت کی رائے کی پابند ہوگی، اس پر جسٹس یحییٰ نے کہا کہ عدالتی رائے پر نظر ثانی درخواست آسکتی ہے، جس پراٹارنی جنرل نے کہا کہ ریفرنس پر نظر ثانی درخواستیں نہیں آسکتی۔ان کی بات پر جسٹس یحییٰ نے کہا کہ کیا ایسا فیصلہ درست ہوگا جس کے اثرات سیاسی ہوں اور نظر ثانی بھی نہ ہو سکے، اس پر اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ عدالت ہر چیزکا تفصیل سے جائزہ لیکر فیصلہ کرتی ہے جس پرچیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کا سیاست سے تعلق نہیں، صرف آئین کی تشریح کریں گے،ساتھ ہی جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ریفرنس پر جواب دیں یا نہ دیں اثرات سیاسی ہی ہوں گے۔بعد ازاں عدالت نے صدارتی ریفرنس پر اٹارنی جنرل کے دلائل مکمل ہونے پر رائے محفوظ کرلی، اس دوران الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ 28 تاریخ تک رائے دے دیں تاکہ انتخابی عمل مکمل کیا جاسکے۔

موضوعات:

یہ ہوں یا نہ ہوں

سرتاج عزیز صاحب کو اگر لیونگ لیجنڈ کہا جائے تو یہ غلط نہیں ہو گا‘ یہ 92سال کے ”نوجوان“ ہیں‘ پوری زندگی قومی اورعالمی اداروں میں کام کیا‘ اس وقت پوری سیاسی لاٹ میں ان سے زیادہ تجربہ کار بیوروکریٹ‘ ایکسپرٹ اور سمجھ دار شخص نہیں‘ یہ تاریخ کے ناظر بھی ہیں اور خود بھی ایک تاریخ ہیں۔سرتاج ….مزید پڑھئے‎

سرتاج عزیز صاحب کو اگر لیونگ لیجنڈ کہا جائے تو یہ غلط نہیں ہو گا‘ یہ 92سال کے ”نوجوان“ ہیں‘ پوری زندگی قومی اورعالمی اداروں میں کام کیا‘ اس وقت پوری سیاسی لاٹ میں ان سے زیادہ تجربہ کار بیوروکریٹ‘ ایکسپرٹ اور سمجھ دار شخص نہیں‘ یہ تاریخ کے ناظر بھی ہیں اور خود بھی ایک تاریخ ہیں۔سرتاج ….مزید پڑھئے‎

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں