22

گزشتہ ہفتے زرمبادلہ کی مارکیٹ تنزلی کا شکاررہی

ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک و اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر153روپے سے نیچے آگٸی۔(فوٹو:فائل)

ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک و اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر153روپے سے نیچے آگٸی۔(فوٹو:فائل)

 کراچی: زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں گزشتہ ہفتے بھی ڈالر، پاونڈ، یورو اور ریال کی قدرمیں اتارچڑھاو کے بعد تنزلی رہی۔

برآمدی شعبوں میں زرمبادلہ کی ترسیلات سے مارکیٹوں میں ڈالر کی رسد میں اضافے سے روپیہ تگڑا ہوا جب کہ کورونا وباء کی شدت سے بچاو کے لیے ملک میں سخت لاک ڈاون کے خطرات کے پیش نظر نٸی درآمدی ایل سیز کھلنے کے حجم میں بھی کمی واقع ہوٸی۔

وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب میں سعودی حکومت  سے 50 کروڑ ڈالر کے نٸے معاہدے کی خبرسے بھی روپیہ تگڑا ہوا۔ ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک و اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر153روپے سے نیچے آگٸی۔

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدراتارچڑھاو کے بعد مجموعی طور پر 1 روپیہ 18 پیسے گھٹ کر152 روپے27 پیسے پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1روپے 10 پیسے گھٹ کر 152 روپے 80 پیسے ہوگئی۔

برطانوی پاونڈ کے انٹربینک ریٹ 1روپے 93 پیسے کمی کے بعد 212روپے 02 پیسے ہوگئی۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاونڈ کی قدر1 روپے 50  پیسے کمی کے بعد 213 روپے 50 پیسے ہوگٸی۔ انٹربینک میں یورو کرنسی کی قدر 1روپے 91 پیسے گھٹ کر 183 روپے 94 پیسے ہوگئی، جبکہ اوپن مارکیٹ میں یورو کی قدر3روپے 50 پیسے گھٹ کر183 روپے ہوگئی۔ اسی طرح انٹربینک مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 31پیسے گھٹ کر 40 روپے 60 پیسے ہوگٸی جب کہ اوپن مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 40 پیسے کمی کے بعد 40 روپے 60 پیسے ہوگٸی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں