13

چین میں غیرملکی پابندیوں کے خلاف قانون منظور

غیر ملکی پابندیوں کے خلاف قانون کی منظوری ’’قومی عوامی کانگریس‘‘ کے اجلاس میں دی گئی۔ (فوٹو: گلوبل میڈیا)

غیر ملکی پابندیوں کے خلاف قانون کی منظوری ’’قومی عوامی کانگریس‘‘ کے اجلاس میں دی گئی۔ (فوٹو: گلوبل میڈیا)

بیجنگ: چینی قانون ساز ادارے یعنی ’’قومی عوامی کانگریس‘‘ کی قائمہ کمیٹی نے آج غیر ملکی پابندیوں کے خلاف قانون منظور کرلیا۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ کچھ مغربی ممالک کی طرف سے چین کے اندرونی معاملات میں زبردستی مداخلت اور نام نہاد ’’پابندیاں‘‘ عائد کرنے کی توسیع پسندانہ کارروائیوں کے خلاف، چین قومی قانون سازی کے ذریعے زیادہ منظم، مکمل اور طاقتور مقابلہ کرے گا تاکہ ملکی وقار اور بنیادی مفادات کا دفاع کیا جاسکے۔

اس سلسلے میں چائنا یونیورسٹی آف پولیٹیکل سائنس اینڈ لاء کے اسکول آف انٹرنیشنل لاء کے پروفیسر حو جن سنگ کا خیال ہے کہ امریکا کے دوسرے ممالک کے خلاف طویل بازو کے دائرہ اختیار اور بلا جواز پابندیوں کے برعکس، چین کی غیر ملکی پابندیوں کےخلاف قانون مغربی بالادستی کے خلاف جوابی کارروائی ہے اور بین الاقوامی قانون میں برابری اور انصاف کے اصول کے مطابق ہے۔

علاوہ ازیں، ’’ہماری اس قانون سازی کے عمل کا مقصد ملک کی خودمختاری، سلامتی اور بنیادی مفادات کی حفاظت، داخلی امور میں عدم مداخلت اور بین الاقوامی قانون میں خودمختاری، مساوات کے اصولوں کا دفاع، اور طاقت کی سیاست کی مخالفت کرنا ہے۔ لہذا، ہماری یہ قانون سازی دراصل ہمارے ملک کے خلاف مغربی پابندیوں کے بالکل منافی ہے۔ ہماری قانون سازی بین الاقوامی قانون کے مطابق ہیں اور جائز بھی ہے،‘‘ پروفیسر صاحب نے وضاحت کی۔

کیا غیرملکی پابندیوں کے خلاف قانون کے اجرا سے چین کا کاروباری ماحول متاثر ہوگا؟ چائنیز اکیڈمی آف سوشل سائنسز کے انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل لاء کے ایسوسی ایٹ محقق، لی چھین منگ نے کہا کہ اس طرح کے خدشات قطعاً غیر ضروری ہیں کیونکہ چین کی کھلے پن کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی اور اس سے قانونی طور پر کاروبار کرنے والے اداروں اور عام لوگوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

’’ہم تجارت اور سرمایہ کاری کی لبرلائزیشن اور سہولت کو فروغ دیں گے، قانون کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری سے چلنے والے کاروباری اداروں کے جائز حقوق اور مفادات کا تحفظ کرتے رہیں گے اور قانون کی روشنی میں بین الاقوامی کاروباری ماحول پیدا کرنا جاری رکھیں گے،‘‘ لی چھین منگ نے کہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں